لاہور۔29مئی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے بدھ کے روز سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے وفد کے ہمراہ یہاں اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ، جنرل سیکرٹری چودھری عامر حبیب، سٹاف آفیسر عماد حسین بھلی اور ترجمان پنجاب اسمبلی را ئو ماجدعلی بھی موجودتھے۔وفد میں آزاد کشمیر سے سینئر وزیر کرنل وقار نور، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق،سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین سمیت دیگر افسران شامل تھے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کشمیریوں کی
ترقی کے لیے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کے بروقت اقدامات سے کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کیلئے مالی وسائل فراہم کئے،کیسے ممکن ہے کہ آزاد کشمیر میں بہن بھائی مشکل میں ہوں اور ہم چین سے بیٹھیں،پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرنے کہا کہ مظفرآباد اور لاہور کا تعلق بہت پرانا ہے
،پاکستانی عوام بالخصوص لاہوریوں نے ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا،وزیراعلی پنجاب کی انتھک محنت سے پنجاب میں واضح فرق نظر آرہا ہے،آزاد کشمیر اسمبلی کی تعمیر پنجاب اسمبلی کی جدید نئی بلڈنگ اور ایوان کی طرز پر کرنا چاہتے ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے وفد کو آزاد کشمیر اسمبلی کی تعمیر میں پنجاب اسمبلی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کا دورہ بھی کروایا۔
Leave a Reply