واشک(اختلاف نیوز)بلوچستان کے ضلع واشک میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے28افراد جاں بحق ہوگئے،تفصیلات کے مطابق واشک کے علاقے کلغلی میں مسافر بس کو حادثہ ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا، بس گوادر سے کوئٹہ جارہی تھی کہ ٹائر پھٹنے سے بس بے قابو ہوگئی اور کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے،لیویز حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور زخمیوں کو بسیمہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید22افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، حادثے میں22افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے ،ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے واشک، بلوچستان میں ٹریفک حادثے میں اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔قائمقام صدر نے واشک میں ٹریفک حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت، ورثاء کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر شبلی فراز نے بھی بلوچستان کے ضلع واشک میں ٹریفک حادثے میں اموات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت اور درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
Leave a Reply