نواک جوکووچ نے رافیل نڈال کو ٹینس کے اے ٹی پی ورلڈ ٹوور فائنلز کے سیمی فائنل مقابلوں میں باآسانی شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے اور وہ اب ان کے پاس مسلسل چوتھی بار یہ ٹائٹل جیتنے کا موقع ہے۔
سربیا سے تعلق رکھنے والے نواک جوکووچ نے ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال کو چھ، تین اور چھ، تین سے شکست دے کر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے گئے میچوں میں جیت کے تناسب کو 23-23 سے برابر کر دیا ہے۔
’میں مداحوں کی حمایت حاصل کرنا چاہتا ہوں‘
اس جیت کے ساتھ جوکووچ نڈال کے خلاف کھیلے جانے والے گذشتہ نو میچوں میں سے آٹھ میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
جوکووچ اب فائنل میں کس کھلاڑی کا سامنا کریں گے اس کا فیصلہ راجر فیڈرر اور واورینکا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل کے بعد ہو گا۔
نڈال نے گروپ مقابلوں میں عمدہ کھیل پیش کیا اور ٹورنامنٹ میں تین اچھی کامیابیوں کے بعد ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بہترین فارم میں واپس آگئے ہیں۔
دوسری جانب جوکوووچ اس ٹورنامنٹ میں وہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے تھے جس کے لیے وہ جانے جاتے ہیں۔
تاہم جوکووچ نے اس میچ میں عمدہ واپسی کی اور پہلا سیٹ جیتنے کے بعد نڈال کو میچ میں واپسی نہ کرنے دی۔
واضح رہے کہ نڈال 14 جبکہ جوکووچ دس گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت چکے ہیں۔
Leave a Reply